پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میٹرو کی تحقیقات روکنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ پشاور میٹرو کی تحقیقات ایف آئی اے سے نہیں کرائیں گے، نیب تحقیقات سپریم کورٹ پہلے ہی روک چکی ہے اس لیے کیس دوبارہ نہیں کھولا جاسکتا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل کے پی شمائل احمد بٹ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے رجوع کے لیے درخواست تیار ہے آئندہ ہفتے جمع کرائیں گے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو 45 دن میں بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، بی آر ٹی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پر کے پی حکومت پہلے ہی حکم امتناع لے چکی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر منصوبہ شروع کیا، منصوبے نے 6 ماہ میں مکمل ہونا تھا جبکہ سیاسی اعلانات کے باعث منصوبہ کئی نقائص کا باعث بنا، تاخیر کا شکار ہوا اور لاگت بھی بڑی۔
خیال رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔