پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے اسٹریٹ گرلز کے لیے علیحدہ فلاحی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ادارے سے 200 لڑکیاں مستفید ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت نے محنت مزدوری کرنے والی بچیوں کے لیے علیحدہ فلاحی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سیکریٹری سوشل ویلفیئر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ مجوزہ ادارے کے لیے پی سی ون کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ یتیم اور محنت مزدوری کرنے والی بچیوں کی کفالت، اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے یہ ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، بچیوں کی بہترین کفالت کی جائے گی اور انھیں تعلیم و تربیت دی جائے گی تاکہ وہ معاشرے میں اپنے بل پر کوئی قابل عزت مقام حاصل کر سکیں۔
سیکریٹری سوشل ویلفیئر کا کہنا تھا اس ادارے سے 200 اسٹریٹ گرلز مستفید ہوں گی، بچیوں کے والدین کو بھی الگ وظیفہ دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے زمونگ کور (اپنا گھر) کے نام سے فلاحی ادارہ قائم کیا تھا جس میں اسٹریٹ چلڈرنز کو پناہ دی گئی ہے، جہاں ان کی کفالت کی جاتی ہے اور انھیں تعلیم و تربیت دی جاتی ہے۔