پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانےکااعلان کردیا اور کہا کارکن بھرپور تیاری کریں، جیت پی ٹی آئی کی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانےکااعلان کردیا ، معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کےانعقادسےمتعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیاگیا، دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔
کامران بنگش نے مزید کہا کارکن بھرپور تیاری کریں، جیت پی ٹی آئی کی ہوگی، صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے مکمل طورپر تیار ہے۔
گذشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا تھا ، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تیاری کریں۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل کے پی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ دوبارہ صوبائی کابینہ کے سامنے رکھا ہے، بلدیاتی الیکشن کا پہلا فیز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔
اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ تمام صوبوں کو سن کر بلدیاتی الیکشن پر آرڈر پاس کریں گے، آپ تین دن میں صوبائی کابینہ سے مشاورت کے بعد پلان دے دیں۔