پشاور: خیبرپختونخواہ کے مشیر تعلیم نے اساتذہ کی سیاسی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مشیرتعلیم ضیا اللہ بنگنش خیبرپختونخوا کو اساتذہ کی سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات ملیں تو انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث اساتذہ کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
مشیرتعلیم خیبرپختونخوا نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کومراسلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیاں سول سروس کے ضابطہ اخلاق کی شق1987 کی خلاف ورزی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹیچر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اُس کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز 2011 کے تحت کروائی کی جائے گی۔
مشیر تعلیم نے ڈائریکٹر ایجوکیشن آفیسر اور اضلاع میں تعینات افسران کو حکم دیا کہ وہ اساتذہ کو سیاسی سرگرمیوں سے بچنے کی ہدایت جاری کریں۔ ضیا اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ اساتذہ اپنی مکمل توجہ اسکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر دیں، جو ٹیچر بھی سیاسی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اُس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف نے 2013 میں خیبرپختونخواہ کی حکومت ملنے کے بعد تعلیمی نظام پر خصوصی توجہ دی اور معیارِ تعلیم کو اس قدر بہتر کیا کہ کئی والدین نے اپنے بچوں کو پرائیوٹ سے ہٹا کر سرکاری اسکولوں میں داخل کرایا جبکہ عمران خان نے بھی وزرا کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے بچوں کا سرکاری اسکولوں میں داخلہ کرائیں تاکہ معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔