رپورٹ: ظفر اقبال
پشاور: صوبائی حکومت نے امن و امان کی خراب ہوتی صورتحال کے پیش نظر قبائلی اضلاع میں ہونے والے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کو ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی۔
صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے مطابق کے پی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست ارسال کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ قبائلی اضلاع کے حالات اس وقت ٹھیک نہیں ہےاور امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
درخواست میں صوبائی حکومت نے مؤقف اپنایا کہ سرحد پر بھی سازشیں ہورہی ہیں جبکہ قبائلی اضلاع میں پہلی بار ہونے والے انتخابات میں سیاسی قیادت کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں، ایسی صورتحال اور حالات میں امیدوار انتخابی مہم نہیں چلا سکتے کیونکہ انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: قبائلی اضلاع الیکشن، مخصوص نشستوں کے امیدواران کی فہرست جاری
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا البتہ قوی امکان ہے کہ انتخابات 20 دن کیلئے ملتوی ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والےقبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو انتخابات کی تاریخ دی گئی تھی۔ الیکشن کے حوالے سے امیدواران کی حتمی فہرستیں بھی سامنے آچکی ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 9 مئی سے شروع ہوا، امیدواروں کی حتمی فہرست 28 مئی کو جاری کی گئی۔
خیبرپختونخوا میں ضم ہونیوالے قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 مئی مقرر کی گئی تھی۔ نامزد امیدواروں کی فہرستیں 12 مئی کو جاری کی گئیں جبکہ کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلیں 22 مئی تک دائر کی جاسکیں گئیں، ٹریبونل 27 مئی تک اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 28 مئی کو جاری کی گئی جبکہ امیدواران کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 18 مئی مقرر کی گئی تھی، اسی طرح نامزدگی فارم واپس لینے کی آخری تاریخ 29 مقرر کی گئی تھی۔