پشاور: خیبر پختون خوا میں 50 سال سے زائد عمر کے سنگین بیمار ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری طرف صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر صحت، چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے سنگین بیمار ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دی جائے گی، ضلع خیبر لیوی سینٹر شاہ کس میں 150 بستروں کا علیحدہ سینٹر قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ طورخم سے واپس آنے والے مشتبہ کیسز کو مذکورہ سینٹر منتقل کیا جائے، اجلاس میں اہم، ضروری بھرتیوں کے علاوہ تمام بھرتیوں کی منسوخی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی
دوسری طرف محکمہ ریلیف خیبر پختون خوا کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا ہے، راشن وائرس سے متاثرہ مریض کے اہل خانہ کو دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق مفت راشن انھیں دیا جائے گا جو سرکاری قرنطینہ میں ہیں، یہ راشن 20 کلو آٹا، 10 کلو چاول، 10 کلو چینی،5 کلو دال، دودھ وغیرہ پر مشتمل ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان
خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے ہیلتھ منسٹر تیمور جھگڑا نے صوبے میں پہلے 15 کیسز کی تصدیق کی ہے، تیمور جھگڑا نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ تفتان سے کے پی پہنچنے والے 19 افراد میں سے 15 میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ان مریضوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ عمارت میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔