پشاور: وزیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ انھیں چند ہزار کا اخباری نوکر کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی نے دراصل خود کو ایکسپوز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی نے پیپلز پارٹی کے الزامات پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے چند ہزار کا اخباری نوکر کہنے والی پیپلز پارٹی ایکسپوز ہو گئی ہے۔
شوکت یوسف زئی نے کہا کہ مجھے اخباری کارکن ہونے پر فخر ہے، ہمیشہ محنت کی ہے، کرپشن سے پیسا نہیں بنایا۔
کے پی کے وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی جائیداد صدیوں پرانی ہے، ان کا خاندان اور ان کی جائیداد کرسٹل کلیئر ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اخباری کارکن ہونے کا طعنہ افسوس ناک قرار دیا، کہا یہ ایسا عمل ہے جس سے اس کا اصل سامنے آ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قائمہ کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی کی فوری بر طرفی کا مطالبہ کر دیا
خیال رہے کہ کے پی وزیرِ اطلاعات کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر تواتر کے ساتھ تنقید سامنے آتی رہی ہے۔
آغا سراج درانی کی گرفتاری پر بھی شوکت یوسف زئی نے کوئٹہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اس معاملے پر سندھ کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے۔
شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ اب کوئی پنجاب، سندھ، بلوچستان یا خیبر پختون خوا کارڈ نہیں چلے گا، کرپشن کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔