پشاور / ظفر وال : خیبرپختونخوا میں بارشوں کاسلسلہ بدھ کی شام سے ہفتہ تک جاری رہنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے ظفروال میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں کاسلسلہ بدھ کی شام سے ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کے پی کے اور اس کے مضافات میں کل سے تیز بارشیں شروع ہوں گی، جس کا دورانیہ ہفتے کے روز تک رہے گا۔
اس سلسلے میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ایم ڈی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تیزبارشوں کے پیش نظر متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کریں، شہریوں کو بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظرحفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ایم ڈی پی ڈی ایم اے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ،سوات، چترال کی ضلعی انتظامیہ کو پانی کے بہاؤ پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے صورتحال کے پیش نظرمتعلقہ محکموں کےاہلکاروں کی چھٹی منسوخ کرنےکا کہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ہزارہ، مالا کنڈ ڈویژن کے سیاح دوران سفراحتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1700پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ظفروال میں الرٹ جاری کردیا، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ24تا27جولائی کو بارشوں کا نیا سلسلہ تباہی پھیلا سکتا ہے، اس سلسلے میں نالہ ڈیک ظفروال اور اوچ شکرگڑھ کےعلاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی میں اوچ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ نالہ ڈیک، بسنتر اور جھجری میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔