رپورٹر: عثمان علی
پشاور: خیبر پختون خوا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے پہلی بار سیڈ بم کا تجربہ کیا گیا، کم درختوں والے پہاڑوں پر اب سیڈ بم کے ذریعے پودے اگائے جائیں گے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، ہلال احمر خیبر پختونخوا اور بین الاقومی تنظیم برائے انسانیت آئی سی آر سی نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مقامی لوگوں کی آگاہی کے لیے وادی کمراٹ میں گلوبل کلائیمٹ ویک کا انعقاد کیا۔
مہم کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں درخت لگائے گئے، اور پہلی بار درخت لگانے کے لیے سیڈ بم بنا کر ایسے پہاڑیوں میں پھینکے گئے، جہاں عام طور پر درخت لگانے کے لیے جانا مشکل ہوتا ہے۔
مقامی آبادی کو آفات کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے فرسٹ ایڈ کی تربیت بھی دی گئی اور گھروں میں کچن گارڈن تیار کرنے کے ساتھ بارش کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے طور طریقے بھی سیکھائے گئے۔
ایک ہفتے تک جاری رہنے والی مہم میں اسپورٹس گالا کا اہتمام بھی کیا گیا جسے لوگوں نے خوب سراہا۔