اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

خیبرپختونخوا میں بغیر کسٹم پیڈ گاڑیوں پر اب کتنا ٹیکس عائد ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: مالاکنڈ ڈویژن اور ضم اضلاع میں این سی پی (نان کسٹم پیڈ)، این ڈی پی (نان ڈیوٹی پیڈ) گاڑیوں کی ریگولرائزیشن کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کو تجاویز مرتب کر کے دے دی ہیں۔

وفاقی حکومت نے کے پی حکومت سے این ڈی پی گاڑیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے تجاویز طلب کی تھیں، کیوں کہ این ڈی پی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسز وفاقی حکومت کے اختیارات میں شامل ہے۔

کے پی حکومت کے مطابق ایکسائز پولیس نے اب تک 2 لاکھ 11 ہزار گاڑیوں کی پروفائلنگ کی ہے جو ابھی تک جاری ہے۔

- Advertisement -

دی گئی تجاویز کے مطابق رجسٹرڈ بارگین ڈیلرز کو 10 فی صد اضافی ڈیوٹی کے ساتھ گاڑیوں کو رجسٹر کرنے کی سہولت دی جائے، اسکیم کے تحت ریگولرائزیشن کی اہلیت پروفائل شدہ گاڑیوں کی ہوگی، گاڑیوں کے مالکان کو 5 سال تک گاڑیاں فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔

کے پی حکومت نے کہا ہے کہ فائلرز اور نان فائلرز کی حیثیت کا بھی جائزہ لیا جائے، پروفائل شدہ گاڑیوں میں سے زیادہ تر یوٹیلٹی گاڑیاں ہیں، لگژری گاڑیوں کی تعداد کم ہے۔

تجاویز کے مطابق 800 سی سی گاڑی پر فائلر 1 لاکھ، نان فائلر 1 لاکھ 50 ہزار مجوزہ کسٹم ڈیوٹی ادا کرے گا، 801 سے 1000 سی سی گاڑی پر فائلر 2 لاکھ، نان فائلر 3 لاکھ ڈیوٹی ادا کرے گا، 1001 سے 1300 سی سی گاڑی پر فائلر 2 لاکھ 50 ہزار، نان فائلر ساڑھے 3 لاکھ ڈیوٹی، 2001 سے 2500 سی سی گاڑی پر فائلر 5 لاکھ 50 ہزار، نان فائلر 8 لاکھ ڈیوٹی، 2500 سی سی سے اوپر گاڑی پر فائلر 7 لاکھ، نان فائلر 10 لاکھ ڈیوٹی ادا کرے گا۔

800 سی سی گاڑی کی مجوزہ رجسٹریشن فیس 15 ہزار، 1000 سی سی کی 20 ہزار اور 1300 سی سی کی 30 ہزار، 2500 سی سی کی 1 لاکھ، اس سے اوپر سی سی گاڑیوں کی مجوزہ رجسٹریشن فیس 2 لاکھ ہوگی۔

تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں کسٹمز، پولیس، ایکسائز، نیشنل بینک کے مشترکہ سہولت مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے، مکمل رجسٹریشن فیس اور کسٹم ڈیوٹی ادا کی جائے، کم آمدنی والے افراد کے لیے آسان اقساط کا منصوبہ بنایا جائے، اور اسکیم کے حوالے سے جامع عوامی بیداری مہم کا آغاز کیا جائے۔

اسکیم کے لیے صوبائی حکومت نے وفاق سے پروفائلنگ کی جلد تکمیل کے لیے فنڈنگ کا بھی مطالبہ کیا، تجاویز میں کہا گیا ہے کہ اسکیم کی خلاف ورزی کرنے والے مالکان کی گاڑیوں کو ضبط اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ضیاء الحق
ضیاء الحق
ضیاء الحق پیشے سے صحافی ہیں اور بیوروچیف اے آر وائی نیوز خیبر پختوانخواں کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں