اسلام آباد: بھارت نے کشمیر پریمئیر لیگ میں شرکت پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کو دھمکی دی ہے، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے کرکٹ کو سیاست کے لیے استعمال کیے جانے پر مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انھیں افتتاحی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے انھیں دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو انھیں بھارت میں کرکٹ سے متعلق کسی بھی معاملے کے حوالے سے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Completely unnecessary of the @BCCI to bring their political agenda with Pakistan into the equation and trying to prevent me playing in the @kpl_20 . Also threatening me saying they won’t allow me entry into India for any cricket related work. Ludicrous 🙄
— Herschelle Gibbs (@hershybru) July 31, 2021
انھوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے، اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلا جواز اور مضحکہ خیز ہے۔
India’s politicisation of Cricket cannot be condemned enough. Depriving young Kashmiri players of the opportunity to share dressing room with big names in 🏏 is unfortunate and regrettable.@hershybru @kpl_20 https://t.co/uOgRuMXqln
— Zahid Hafeez Chaudhri (@Zhchaudhri) July 31, 2021
خیال رہے کہ ہرشل گبز کشمیر پریمیئر لیگ کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں۔
ہرشل گبز کے ٹویٹ کے حوالے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی جانب سے کرکٹ کھیل کو سیاسی بنانے پر مذمت کی، انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا بھارت کی کرکٹ پر سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیریوں کو کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے سے محروم کرنا افسوس ناک ہے۔
بعد ازاں ہرشل گبز نے ویب سائٹ ’اسپورٹس کیڑا‘ کو بتایا کہ انھیں دھمکی بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے دی ہے، جے شاہ نے گریم اسمتھ کے ذریعے مجھے یہ پیغام بھیجا ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پاکستان فواد چوہدری نے ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
Not long to go ⏳
Only 6️⃣ Days left until the start of Kashmir Premier League Season 1 🤩 #KPL21 #KheloAazadiSe #SRGKPL pic.twitter.com/N5jIX4D4Kb
— Kashmir Premier League (Official) (@kpl_20) July 31, 2021
خیال رہے کہ کے پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جو 17 اگست تک جاری رہے گا، اس میں آزاد جموں و کشمیر کے شہروں کی نمائندگی کرنے والی 5 فرنچائزز حصہ لیں گی، جب کہ چھٹی فرنچائز کا نام اوورسیز واریئرز رکھا گیا ہے، جس میں بیرون ملک مقیم کشمیری شامل ہوں گے۔