خوب صورت اور پُرکشش شخصیت کی مالک لیڈی ڈیانا کی زندگی ہی مشکلات اور تنازعات کا شکار نہیں رہی بلکہ ان کی موت بھی پُراسرار حالات میں ہوئی، لیکن 23 برس قبل ایک حادثے میں زندگی کی بازی ہار جانے والی اس برطانوی شہزادی کی یادیں آج بھی کروڑوں دِلوں میں زندہ ہیں۔
لیڈی ڈیانا کے پرستاروں کو امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے یہ خبر دی ہے کہ ان کی محبوب شہزادی کی زندگی پر ایک فلم بنائی جارہی ہے جس کی ریلیز اگلے سال متوقع ہے جب ان کی موت کو 25 سال پورے ہوجائیں گے۔ سی این این کے مطابق ’سپنسر‘ نامی اس فلم میں وہ امریکی اداکارہ کرسٹین اسٹیوورٹ کو برطانوی شہزادی ڈیانا کے روپ میں دیکھیں گے۔
کرسٹین اسٹیوورٹ کی لیڈی ڈیانا کے روپ میں پہلی تصویر آج (جمعرات) شایع کی گئی ہے اور اس روپ میں ہوبہو ڈیانا دکھائی دے رہی ہیں۔
فلم کا اسکرپٹ اسٹیون نائٹ کا تحریر کردہ ہے جو شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی زندگی کے اُس لمحے کے گرد گھومتا ہے جب لیڈی ڈیانا نے اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ فلم ایک ویک اینڈ کی کہانی بیان کرتی ہے جب لیڈی ڈیانا شاہی خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزارنے گئی ہوئی تھیں۔
شہزادی ڈیانا کے اپنے شوہر اور برطانوی شہزادہ چارلس کے ساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار تھے، لیکن یہ ایک عرصے تک کسی پر ظاہر نہیں ہوسکا۔
1991ء کے کرسمس پر جشن میں لیڈی ڈیانا سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی شریک تھے اور معمول کے مطابق کھانا پینا، موقع کی مناسبت سے جذبات کا اظہار، شکار اور دیگر سرگرمیاں جاری تھیں لیکن شہزادی ڈیانا ہی جانتی تھیں کہ حالات میں تبدیلی آنے والی ہے۔ خیال ہے کہ اسی ویک اینڈ پر لیڈی ڈیانا نے شہزادہ چارلس سے اپنی علیحدگی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے شاہی خاندان کو اس سے آگاہ کیا تھا۔
اگلے ہی سال 1992ء میں ان کے مابین اختلافات اور ان کی علیحدگی کا دنیا بھر میں چرچا ہوگیا تھا، لیکن طلاق اگست 1996ء میں ہوئی تھی۔
کرسٹین اسٹیوورٹ کی شہزادی ڈیانا کے روپ میں تصویر شیئر ہوتے ہی ٹوئٹر پر صارفین کے تبصرے شروع ہو گئے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف کیٹلین نے ڈیانا اور اداکارہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک لمحے کو مجھے یوں لگا جیسے یہ واقعی ڈیانا ہے۔‘
خبر کے مطابق فلم کی شوٹنگ جرمنی اور برطانیہ میں کی جائے گی اور یہ 2022 میں ریلیز ہوگی۔
31 اگست 1997ء کو پیرس میں کار حادثے میں زندگی سے محروم ہو جانے والی لیڈی ڈیانا کو ان کی فلاحی خدمات کی وجہ سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔