کراچی : ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے جامعہ کراچی کے ملازم طارق سعید کو قتل کردیا، ملزمان مقتول طارق سے کوئی چیز چھین کر نہیں لیکر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ جمالی پل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے کہا کہ مقتول 50 سالہ طارق جامعہ کراچی کا ملازم تھا جبکہ شعبہ سمسٹر سیل میں تعینات اور اسکیم 33 کا رہائشی تھا۔جسے ناگن چورنگی جاتےہوئے قتل کیا گیا۔
پولیس کا بتانا تھا کہ مقتول طارق کو ناگن چورنگی جاتےہوئے قتل کیا گیا لیکن ملزمان کوئی چیز چھین کر نہیں لیکرگئے تاہم کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ پولیس نے جامعہ کراچی کے ملازم کا قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی اختر سعیدکی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ میرا بھائی طارق سعید بھانجے کی شادی میں شرکت کیلئے گھر سے نکلا تھا اور کچھ دیر بعد فون پر اطلاع ملی کہ بھائی کو جمالی پل کےقریب گولی لگی ہے، ان کی لاش کو عباسی شہید اسپتال پہنچ کر دیکھا، پولیس اورریسکیو اداروں نے بتایا ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران بھائی کو گولی لگی۔