جامعہ کراچی کے شعبہ کیمسٹری سے تعلق رکھنے والے پروفیسر اقبال چوہدری مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائنس اور ٹیکنالوجی ایوارڈاپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو تہران میں منعقدہ تقریب کے دوران مسلم دنیا کے سب سے بڑے اعزاز مصطفیٰ ﷺ 2021 سے نوازا گیا۔
پروفیسر اقبال چوہدری نے تہران میں واقع وحت حال میں جمعرات کے روز منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی اور ایوارڈ وصول کیا۔
پروفیسر اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدامت انجام دینے کے اعتراف میں مصطفیٰ پرائز ایوارڈ کے ساتھ میڈل،5لاکھ ڈالرز اور سند سے بھی نوازا گیا۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کا انتخاب متعلقہ شعبے میں تقریباً500اُمیدواروں میں کیا گیا تھا۔
تقریب سے خطاب کے دوران پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے سائنس کی بے لوث انتھک خدمت کررہے ہیں تاکہ اس کی مدد سے لوگوں کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا اس ایوارڈ سے انہیں مزید کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔
یاد رہے کہ مسلم دنیا کے سائنسی ماہرین کو عالمی ایوارڈ نوبل پرائز نہ دینے اور مسلسل نظر انداز کیے جانے کے بعد چار سال قبل مصطفیٰ ﷺ کا اعلان کیا گیا تھا۔ رواں سال تقسیم ایوارڈ کی چوتھی تقریب منعقد کی گئی۔
رواں سال جیوری نے پانچ مسلمان سائنس دانوں کا انتخاب کیا تھا، جن میں ایران سے تعلق رکھنے والے پروفیسر کمرون وفا، بنگلادیش کے پروفیسر زاہد حسن، لبنان کے پروفیسر محمد ال صیغہ، مراکش سے تعلق رکھنے والی یحییٰ طلعتی اور ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام شامل تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر مسلم دنیا کے بہترین سائنس دان کے اعزاز کے لیے نامزد
مذکورہ بالا سائنس دانوں کے نام سال 2021 کے دوران حیاتیاتی نامیاتی (بائیو آرگینک کیمسٹری) کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیے جانے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیے گئے تھے۔
پروفیسر اقبال چوہدری کون ہیں؟
واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں جبکہ امریکا اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ76کتب شائع ہوچکی ہیں، اس کے علاوہ چالیس عالمی اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔
مزید برآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار بار مختلف فورمز پر بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔
انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز، ستارۂ امتیازاور ہلالِ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے جبکہ وہ وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔