پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی مرزا گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان نے منفرد انداز میں اپنی شادی کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا۔
مرزا گوہر رشید اور کبریٰ خان نے انسٹاگرام پر ایک دلچسپ ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی کا اعلان کیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ویڈیو میں مومل مرزا، شہزاد شیخ اور ان کی اہلیہ، ہمایوں سعید سمیت دیگر فنکاروں کو دلچسپ انداز میں ’میرے یار کی شادی‘ پر تبصرے کرتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے ’آپ کے پیار اور دعاؤں کے ساتھ بسم اللہ۔۔
ویڈیو کے آخر میں گوہر رشید اور کبریٰ خان ایک جیسی ہوڈی میں ملبوس مزاحیہ انداز میں بتاتے ہیں کہ ہم وہی ہیں جن کی شادی ہورہی ہے جس پر کبریٰ خان شرما جاتی ہیں اور گوہر رشید ان کو گلے لگا لیتے ہیں۔
اس سے قبل بھی پاکستانی معروف اداکار گوہر رشید نے سوشل میڈیا پرویڈیو پوسٹ کر کے 2025 میں کسی نئے باب کے آغاز کی جانب اشارہ دیا تھا۔
فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، ویڈیو میں کبریٰ سمیت شوبز انڈسٹری کے معروف ناموں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
گوہر رشید کی جانب سے شیئر ہونے والی ویڈیو میں ہدایت کارہ و پروڈیوسر شازیہ وجاہت، وجاہت رؤف، عاشر وجاہت، اذان سمیع خان، مومل شیخ اور دیگر شخصیات موجود تھے۔