ہیگ : پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کا کیس منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاریاں مکمل کر لیں،ایڈہاک جج کی تعیناتی کیلئے تین نام پیش کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت ہیگ میں کلبھوشن جادیو کیس کی سماعت اٹارنی جنرل کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد ہیگ پہنچ گیا، وفد میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، ڈاکٹر فیصل، بیرسٹر خاور قریشی اور دو وکلاء شامل ہیں۔
عالمی عدلت انصاف میں پاکستانی وقت 3بجے ہیگ میں میٹنگ ہو گی، جس میں پاکستان عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی ایڈہاک جج کے لیے 3 نام پیش کرے گا، جن میں سابق چیف جسٹس ناصر الملک، سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی اور سابق اٹارنی مخدوم علی شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ایڈہاک جج کیلئے عالمی عدالت انصاف میں نشست خالی تھی، قانونی ٹیم عالمی عدالت انصاف کے صدر سے ملاقات کرے گی ، جس میں کلبھوشن کیس پر ہونے والی سماعت کے طریقہ کار پر بات چیت ہوگی۔
مزید پڑھیں : کلبھوشن کیس، پاکستان قونصلر رسائی دے‘ مکمل فیصلے تک پھانسی نہ دے
یاد رہے کہ عالمی عدالتِ انصاف نے کلبھوشن کیس میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے‘ اور امید ہے کہ پاکستان عالمی عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو سزا نہیں دی جائے گی۔
پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں عالمی عدالت انصاف کا دائرہ اختیار اور کیس کے میرٹ کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں : کلبھوشن کیس کی تیاری نامکمل تھی، وقت نہ ملا، حکومت کا اعتراف
جس کے بعد حکومت نے کلبھوشن یادیو کیس میں تیاری نامکمل ہونے کا اعتراف کیا تھا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کیس کی تیاری ٹھیک سے نہیں کی گئی،کیس کی تیاری کے لیے زیادہ وقت نہیں ملا تھا۔
خیال رہے کلبھوشن کیس کے معاملے پر بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ’’پاکستان کی جانب سے کلبھوشن کو قونصلر رسائی دی جائے اور حتمی فیصلہ ہونے تک پھانسی کی سزا مؤخر کی جائے۔
واضح رہے کہ کلبھوشن جادیو کو 10 اپریل کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔