بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 کے لیے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کلثوم نواز سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین، جسٹس عباد الرحمٰن لودھی اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل 3رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

عدالت نے پیپلز پارٹی کے فیصل میر، عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری سمیت 4 درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 13 ستمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز، فیڈریشن اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر کیا مگر اس سے حاصل ہونے والی آمدن اور اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

مزید پڑھیں: کلثوم نوازکی اہلیت جانچنے والا بنچ دوسری بار تحلیل

درخواست گزاروں کے مطابق کلثوم نواز کے خلاف سندھ میں بغاوت کا مقدمہ بھی درج ہے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اسے جان بوجھ کر ظاہر نہیں کیا۔ کلثوم نواز نے حقائق چھپائے اور جھوٹ بولا لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کی اہل نہیں۔

دائر شدہ درخواستوں میں مزید کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر کو ٹھوس شواہد دییے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے لہٰذا عدالت ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور کلثوم نواز کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہائیکورٹ نے مذکورہ درخواستوں کی سماعت کے لیے 2 بار فل بنچ تشکیل دیا تاہم دونوں بنچ تحلیل کردیے گئے اور سماعت نہ ہو سکی جس کے بعد اب یہ تیسرا بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔


 

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں