لندن : کینسر کے مرض میں مبتلا سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکو آج صبح اسپتال میں دوبارہ داخل کرادیا گیا جہاں ان کے سینے کا آپریشن کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گلے کے کینسر میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کو آج صبح وسطی لندن کے اسپتال میں دوبارہ داخل کرلیا گیا ہے جہاں ان کا ایک اور آپریشن کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ( ن) کے قابل اعتماد ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے کچھ ضروری ٹیسٹ لیے گئے تھے جن کے نتائج کی روشنی میں ماہر معالجین کی ٹیم نے ایک اور آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہیں آج صبح اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا آپریشن کامیاب رہا
مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نوازکا دوسرآپریشن سینے کا کیا جائے گا جس کے لیے نوازشریف اپنے صاحبزادوں حسین نواز اور حسن نواز کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز کو اسپتال لے کر پہنچے ہیں جہاں ان کا آپریشن ممکنہ طور آج کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ قبل ازیں اسی اسپتال میں کینسر کے مرض کی شکار بیگم کلثوم نواز کے حلق کا کامیاب آپریشن ہوچکا ہے اور اب سینے کا آپریشن ہونے جا رہا ہے جس کے بعد نوازشریف وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ عید الاضحی سے قبل لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف نے 8 ستمبر کو وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت سے مؤخر کیا تھا اور اب وہ بیگم کلثوم نواز کے دوسرے آپریشن کے بعد ہی وطن واپس لوٹیں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ اپنے شوہر کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے تاہم اپنے علاج کے باعث وہ لندن میں مقیم ہیں اور اس وقت ان کی انتخابی مہم مریم نواز شریف چلا رہی ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔