لاہور کے بعد کراچی میں سرعام کی ٹیم نے کے الیکٹرک کے اہلکاروں کے ہمراہ لیاری میں بجلی چوری کے خلاف اسٹنگ آپريشن کیا اس دوران مشتعل افراد کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
پروگرام ’سرعام‘ کے اینکر پرسن اقرار الحسن نے بجلی چوری سے متعلق لیاری کی عوام سے کچھ سوالات کیے جس پر انہوں نے کے الیکٹرک کیخلاف کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک مکین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک والوں کے پاس زائد بلنگ کا بل ٹھیک کروانے جاؤ تو کہتے ہیں کہ پہلے اسے بھرو پھر بات کرنا، وہاں موجود اہلکار خود کہتے ہیں کہ ہم تمہیں کنڈے لگا کر دیتے ہیں، مقامی شہری کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے اپنے ملازمین ہم سے ماہانہ رقم لے کر جاتے ہیں۔
ایک اور شہری نے بتایا کہ پہلے ہمارے گھر میٹر لگا ہوا تھا ایک بار جب 50 ہزار کا بل آیا تو ہم نے بھرنا ہی چھوڑ دیا اور کنڈے سے ہی کام چلا رہے ہیں اس علاقے میں تقریباً ہر گھر میں بجلی کا کنڈا کنکشن لگا ہوا ہے۔
اس موقع پر کے الیکٹرک کے مقامی جی ایم نے لوگوں کو پیشکش کی اور بتایا کہ آئندہ چند روز میں ہم یہاں آکر کیمپ لگائیں گے، ہماری لیاری کے عوام سے یہ گزارش ہے کہ چھ ماہ تک کرنٹ بل لازمی بھریں ہم ڈسکاؤنٹ دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب کے وزیر بیت المال اور سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ کے گھر اور ان کے گاؤں میں کھلے عام بجلی چوری کی جارہی تھی، پروگرام ’سرعام‘ کے اینکر پرسن اقرار الحسن نے بجلی چوری کا راز فاش کردیا تھا۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے گھر چوری کی بجلی استعمال کی جارہی تھی جس پر اقرارالحسن نے سہیل شوکت بٹ سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں بتایا تھا کہ آپ کے گھر چوری کی بجلی استعمال کی جارہی ہے جس پر وہ انجان بن گئے اور کہنے لگے اوہ اچھا۔