بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

بگن میں سیکیورٹی اداروں کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن

اشتہار

حیرت انگیز

کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد ہوئے۔

پارا چنار، کُرم کے شورش زدہ علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ نے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اشتراک سے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ آپریشن 19 سے 21 جنوری تک کیا گیا۔

اس سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے نتیجے میں علاقے سے بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کیے گئے۔

- Advertisement -

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بگن میں ہونے والے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں مقامی مشران اور عوام نے بھرپورتعاون کیا۔ یہ کامیابی دیرپا امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کی طرف اہم قدم ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے مطابق آئندہ بھی کسی واقعے پر شر پسندوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی جب کہ آج ممکنہ طور پر سامان لے کر قافلہ پارا چنار کے لیے روانہ ہوگا۔

دوسری جانب کرم میں امدادی قافلے پر حملے میں لاپتہ تنویر نامی ڈرائیور کی لاش ملی ہے، جس کے بعد امدادی قافلے پر حملے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

مقتول تنویر کی لاش اڑاولی کے اسی مقام سے ملی ہے جہاں سے چند روز قبل دیگر ڈرائیوروں کی لاشیں ملی تھیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پارا چنار کرم کے متاثرین کے لیے جانے والے امدادی قافلے پر بگن سے راکٹ فائر کیے گئے تھے۔

اس حملے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔ اس موقع پر 15 گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا اور امدادی سامان سے بھری 35 گاڑیاں لوٹ لی گئی تھیں۔

مذکورہ واقعہ کے بعد لوئر کرم کے علاقہ بگن بازار اور گرد ونواح میں کرفیو نافذ کر کے پاک فوج اور ایف سی اہلکاروں نے کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

کرم تنازع میں درجنوں افراد جاں بحق جب کہ سینکڑوں زخمی ہوئے اور وہاں گرینڈ جرگہ اور امن معاہدے کے بعد صورتحال آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں