ترکیہ اور شام میں 6 فروری کے ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ترکیہ میں 29 ہزار 605 اور شام میں 4 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہولناک زلزلے میں ترک سیریز کورولش عثمان میں کردار نبھانے والے اداکار اہلیہ سمیت ملبے تلے دب کر انتقال کرگئے ہیں۔
جاگدس جانکایا اور ان کی اہلیہ زلان ٹگرس بھی ان افراد میں ششامل ہیں جو زلزلے کے نتیجے میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
پروڈکشن کمپنی بوزداغ فلم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاگدس اور ان کی موسیقار اہلیہ زلان کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
پروڈکشن کمپنی کی جانب سے دونوں کی تصویر شیئر کی گئی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ اداکار جاگدس جانکایا اہلیہ سمیت ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جب کہ ساتھ ہی ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ جاگدس جانکایا نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز عثمان غازی المعروف ‘کورولش عثمان’ میں قونیہ محل کے ایک اہم سپاہی کا کردار نبھایا تھا۔