سری لنکن بلے باز کوشل مینڈس نے ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف نیا ریکارڈ بنا دیا۔
حیدرآباد میں کھیلے جارہے میچ میں مینڈس نے صرف 65 گیندوں پر تیزترین سنچری بنائی اور لیجنڈ سنگاکارا سے تیزترین ورلڈکپ سنچری کا ریکارڈ چھین لیا۔
مینڈس نے 77 گیندوں پر 122 رنز کی انتہائی برق رفتار اننگ کھیلی جس میں نصف درجن چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔
انہوں نے بولرز کے خلاف آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور مسلسل لاٹھی چارج کرتے رہے۔ ان کے سامنے پاکستانی بالرز بےبس دکھائی دیے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے سنچری داغ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا اور بڑے اسکور کے لیے راہ ہموار کی۔