مختلف ممالک میں اب تک برقی اسکوٹر کے کئی ماڈل سامنے آچکے ہیں، جس کی لمبائی اور چوڑائی بہت مختصر اور وزن بھی بہت ہلکا ہوتا ہے جسے باآسانی ہاتھ سے اٹھا کر بھی لے جایا جاسکتا ہے۔
ای اسکوٹر پر سوار ہونے والا اس پر ایک وقت میں ایک ہی پاؤں رکھ سکتا ہے اور سوار کو اپنا دوسرا پاؤں پیچھے رکھنا پڑتا ہے۔
اب کویت میں بھی ایک نیا ماحول دوست “ای فلائی” الیکٹرک اسکوٹر متعارف کرایا گیا ہے جو بہت سے مسائل کو ختم کرنے یا انہیں کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں اور بسوں کے مقابلے میں دھویں کے اخراج کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے، الیکٹرک اسکوٹرز فی الحال کویت کی مختلف مارکیٹوں میں دستیاب ہیں۔
یہ آرام دہ اور سستی سواری عام شہریوں سمیت کالج اور یونورسٹیز جانے والے طلباء و طالبات کیلئے بھی بہترین سہولت ہے۔
کویت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اسکوٹر میں اعلیٰ معیار کے پرزہ جات اور سواری کے تحفظ کا خاص خیال رکھا گیا ہے جو اس کے استحکام اور توازن کو یقینی بناتا ہے۔ اس کے پرزوں کو ری سائیکل اور ری چارج بھی کیا جاسکتا ہے۔
اسکوٹر کی ایپلی کیشن کے ذریعے دستیاب نقشے کو دیکھ کر قریب ترین مقام پر “ای فلائی” حاصل کرنا ممکن ہے بشرطیکہ اس اسکوٹر کو استعمال کرنے والوں کی عمریں 18 سال یا اس سے زائد اور تربیت یافتہ ہوں۔