کویت سٹی : کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی نے پیٹرول پمپوں پر صارفین سے اضافی رقم 200فلس کی وصولی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول اسٹیشنوں میں ملازمین کی قلت کے بحران کو دور کرنے کے حوالے سے کویت کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی (کے این پی سی) نے گزشتہ روز دو کمپنیوں کے نمائندوں سے مذاکرات کیے۔
اس موقع پر مذکورہ کمپنیوں کو پابند کیا گیا کہ وہ اسٹیشنوں میں موجود تمام فیول پمپوں کو چلائیں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ان میں سے کسی پر بھی کام معطل نہ کریں۔
کویتی میڈیا کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نیشنل پیٹرولیم نے دونوں کمپنیوں کو گیس اسٹیشنوں پر سروس کے لیے دو آپشنز پیش کرنے کی اجازت دی ہے جن میں سے پہلا آپشن صارف اضافی رقم ادا کیے بغیر خود پٹرول بھرے۔
دوسرا آپشن یہ ہے کہ صارف کو پٹرول پمپ ملازمین کی جانب سے بغیر کسی اضافی معاوضے کے ایک جامع سروس فراہم کرنا ہے جس کی کچھ پٹرول کمپنیوں نے200 فلس اضافی چارج کرنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق کے این پی سی ملک کے تمام فیول اسٹیشنوں کا وقتاً فوقتاً معائنہ کرے گی اور اگر کسی خلاف ورزی کا پتہ چلتا ہے یا کوئی کمپنی اضافی فیس وصول کرتے ہوئے پائی گئی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ کے این پی سی نے اپنے ذمہ دارانہ کردار کے فریم ورک کے اندر دونوں کمپنیوں کو پیشکش کی کہ وہ اسٹیشنوں کے انتظام کے لیے خصوصی تکنیکی افرادی قوت فراہم کرنے میں مدد کریں تاکہ پمپس کی بندش سے بچا جاسکے لیکن دونوں کمپنیوں نے پیشکش قبول نہیں کی۔
مزید پڑھیں : کویت میں پیٹرول بھروانے پر اضافی پیسے دینے ہوں گے
واضح رہے کہ کچھ فیول اسٹیشنز پر سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے صارفین سے پیٹرول بھروانے پر 200 فلس زائد ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔