کویت: انسداد تمباکو نوشی اور کینسر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں سگریٹ کی قیمتیں جلد ہی بڑھنے والی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی ممالک میں جلد سگریٹ کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے، انسداد تمباکو نوشی اور کینسر سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر خالد الصالح الصالح نے بتایا وہ کوشش کر رہے ہیں کہ سگریٹ کے لیے کسٹم فیس میں اضافہ کیا جائے۔
کسٹم فیس میں اضافے کے علاوہ وزارت صحت کو بھی اس حوالے سے حکمت عملی اپنانے کی طرف راغب کیا جائے گا، سوسائٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ نکوٹین کا خاتمہ ہو اور سگریٹ نوشوں کے لیے علاج کی دستیابی بھی یقینی ہو۔
سوسائٹی کے مطابق ان کی ان کوششوں کا مقصد تمباکو نوشی چھوڑنے کے خواہش مند افراد کی مدد کرنا ہے۔
ڈاکٹر خالد الصالح الصالح نے کہا کہ سوسائٹی نے جون 2021 میں قادسیہ میں اپنے ہیڈکوارٹر میں سگریٹ نوشی چھوڑنے کا ایک مرکز کھولا تھا، اس تاریخ سے لے کر اب تک یہ مرکز 125 تمباکو نوشی کرنے والوں کی خدمت کر چکا ہے۔
کویت انسداد تمباکو نوشی اور کینسر سوسائٹی نے اعلان کیا کہ خلیجی ممالک میں سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کا ایک مضبوط رجحان ہے۔
ڈاکٹر الصالح نے نشان دہی کی کہ جو لوگ تمباکو نوشی چھوڑنے کے پروگرام سے گزرتے ہیں ان کی نگرانی کی جاتی ہے اور انھیں طبی مشورے اور مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔