کویت : پل سے کود کر خودکشی کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو بچا لیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار کے بروقت اقدام کی وجہ سے خاتون کی زندگی بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کویت کے طویل ترین پل سے خودکشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو ٹریفک اہلکاروں نے بروقت مداخلت کرکے بچالیا
کویتی میڈیا کے مطابق کویتی خاتون خودکشی کے ارادے سے "جابر پل” سے چھلانگ لگانے کے لیے وہاں پہنچی تھی۔
خاتون کی گاڑی پل کے کنارے نوپارکنگ کے مقام پرکھڑی تھی اس دوران پولیس اہلکار ممنوعہ مقام پر گاڑی کھڑی دیکھ کر وہاں پہنچے، ٹریفک اہلکاروں نے خاتون کو وہاں سے گاڑی ہٹانے کے لیے کہا جسے انہوں نے نظرانداز کردیا اور وہ تیزی سے پل کے آہنی جنگلے کی جانب بڑھتی چلی گئی۔
ٹریفک اہلکار یہ صوتحال دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ خاتون چند لمحوں میں پل کی دیوار پر چڑھ گئی اور وہاں سے چھلانگ لگانے کے لیے آگے بڑھ ہی رہی تھی کہ ایک اہلکار نے انہیں پکڑ کر کھینچ لیا۔
خاتون کو فوری طور پر قابو کرکے گاڑی میں بٹھا دیا گیا اور بعد ازاں اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔ متعلقہ اہلکار واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں۔
کویت میں محکمہ ٹریفک کے معاون ڈائریکٹر جنرل نے خاتون کو خودکشی سے روکنے کے لیے جرات مندانہ اقدام پر فیصل بن محمد الدیحانی اور محمد عقیل خلف کو اعزاز سے نوازا۔