کویت نے ملٹی نیشنل اداروں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان پر 15 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے اور کویتی کابینہ نے قانونی مسودے کی توثیق کر دی ہے۔
گلف ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق کویتی کابینہ نے ایک سے زیادہ ممالک یا ریاستوں میں کاروبار کرنے والی کثیر القومی اداروں پر 15 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا قانون جاری کرنے کے مسودے کی توثیق کی۔ یہ اقدام وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح کی زیر صدارت منعقدہ ہفتہ وار اجلاس کے دوران کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ قانون یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا مقصد ٹیکس چوری اور دیگر ممالک کو ٹیکس محصولات سے روکنا ہے۔
اجلاس کے بعد نائب وزیراعظم اور کابینہ امور کی وزیر مملکت شیریدہ المشرجی نے کہا کہ نیا قانون عالمی ٹیکس کے معیارات کے مطابق ہے۔
اس سے قبل وزیر خزانہ اور اقتصادی امور وسرمایہ کاری کے وزیر ڈاکٹر علی المدف بھی کویت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان آمدنی اور کیپٹل ٹیکس پر دوہرے ٹیکس سے بچنے کے لیے کیے گئے معاہدے کی اہمیت پر زور دے چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ اقتصادی اور مالیاتی انضمام کے عمل اور متحدہ عرب امارات اور کویت کے درمیان سرمائے کی آزادانہ نقل و حرکت کا حصہ ہے۔ اس معاہدے سے اقتصادی انضمام میں اضافہ متوقع ہے اور دونوں ممالک کے شہریوں اور سرمایہ کاروں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔