لاس اینجلس: خوف ناک آگ نے امریکا میں بیٹری کے سب سے بڑے پلانٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی آگ پر 11 روز بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا، آگ سے اب تک 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ شمالی کیلیفورنیا میں دنیا کے سب سے بڑے بیٹری کے پلانٹ کو بھی آگ نے لپیٹ میں لے لیا۔
جمعرات کو شمالی کیلیفورنیا میں واقع دنیا کے سب سے بڑے بیٹری اسٹوریج پلانٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ سے فضا میں زہریلے دھوئیں کے بادل پھیل گئے ہیں، اس پلانٹ پر لیتھیم بیٹری کا ذخیرہ تھا، پاور پلانٹ کے قریب آبادیوں کو خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں اور 1,500 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی فائر حکام کا کہنا ہے کہ عملہ آگ پر قابو نہیں پا رہا ہے اور اس کے بجھنے کا انتظار کر رہا ہے۔
آگ نے بیٹری اسٹوریج انڈسٹری کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے، مقامی حکام کا کہنا تھا کہ بیٹری پلانٹ کو لگنے والی آگ ایک قابل تشویش امر ہے، اگر ہم پائیدار توانائی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں تو ہمیں بیٹری کا ایک محفوظ نظام رکھنے کی ضرورت ہے۔
ادھر فائر فائٹرز کا کہنا ہے کہ جنوبی علاقوں میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، ان علاقوں میں رہائشیوں کو جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن آگ سے متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری طرف حکام نے آگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے پر پابندی عائد کر دی ہے، یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک خطرناک مواد کی جانچ کرنے والا محکمہ اپنی تحقیقات مکمل نہیں کر لیتا۔
ماہرین کے مطابق آتش زدگی کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخیمنہ 275 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔