اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مزدور طبقہ ملکی ترقی میں ہمارا شراکت دار ہے، موجودہ حکومت مزدور کی عظمت پر یقین رکھتی ہے۔
یہ بات انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن پر یکم مئی کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں آج سے حکومت پاکستان نے’’مزدور کا احساس‘‘پروگرام شروع کردیا ہے، ’’مزدور کا احساس‘‘منصوبہ غربت میں کمی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سات سال تک پاکستان نہ آ سکنے والے مزدوروں کو ایئر ٹکٹ پرسبسڈی دی جائے گی، اس کے علاوہ پانچ سالوں میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا بھی منصوبہ ہے۔
حکومت ہاؤسنگ، سیاحت، تعلیم اورصحت کے شعبے میں ملازمتیں فراہم کرے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لیبر مارکیٹ کو ریگولیٹ کریں گے۔