بیجنگ: چین کی تعمیراتی کمپنی میں کام کرنے والے مزدور شی شنوی کی محنت مشقت کے ساتھ کرتب دکھانے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر آنے کے بعد وائرل ہوگئی جسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی کی تعمیراتی کمپنی میں بطور مزدور کام کرنے والے شی شنوی کی انٹرنیٹ پر آنے والی ویڈیو نے چند دنوں میں ہی نوجوان کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
غربت کے باعث روزانہ 10 گھنٹے مزدوری کرنے اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے چینی نوجوان کو 16 برس کی عمر میں اسکول جانا پڑا تاہم تعلیم میں عدم دلچسپی کے باعث وہ درس گاہ سے بھاگ گیا۔
بعد ازاں نوجوان نے اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے مزدوری کا پیشہ اپنایا اور محنت و مشقت کے ساتھ تعمیراتی کمپنی میں اپنی جگہ بنائی، انوکھے انداز میں تعمیراتی کاموں میں حصہ لینے والے نوجوان کو ابتداء سے کرتب دکھانے کی عادت تھی تاہم ایک پرجیکٹ پر کسی نے اُسے ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر ڈالنے کا مشورہ دیا۔
نوجوان مزدور نے اپنے ساتھی کی بات پر عمل کرتے ہوئے ویڈیو بنائی اور اُسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈال دیا جس کے بعد ہزاروں افراد نے اُس ویڈیو کو دیکھا اور مشقت کرنے والے نوجوان کو سراہا۔
شی شنوی کام کے دوران کبھی تعمیراتی ڈھانچے کے لیے نصب کیے گئے ڈنڈوں میں لٹکا دکھائی دیا تو کبھی بلندی پر اپنے مضبوط بازوں کے ذریعے جسم کو روکے دکھائی دیا، نوجوان مزدور یہ کام خود کو تندرست رکھنے کےلیے کرتا ہے۔