اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ منصوبہ بندی کافقدان ماضی کےحکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین اور طریقہ کار کا جائزہ لیا، قیمتوں میں کمی کے لیے منظم اور جامع حکمت عملی متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور قیمتوں پر اثرانداز عوامل پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پٹرولیم طلب و رسد پر ماضی کی حکومتوں نے مناسب حکمت عملی اختیار نہیں کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ترسیل اور دیگر متفرق اخراجات کم کرنے کے کوئی اقدامات نہیں ہوئے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ،عوام پر بوجھ پڑتا رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی بد انتظامی، غفلت کی قیمت عوام نے چکائی ہے، منصوبہ بندی کا فقدان ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروریات کے پیش نظر وقتی، قلیل مدتی انتظامات کو ترجیح نہیں دی گئی۔ وزیراعظم نے ضروریات کے پیش نظر محکموں کو روڈ میپ ترتیب دینے کاحکم دیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوآرڈینیشن سے جامع منصوبہ بندی، حکمت عملی اختیار کی جائے، پٹرولیم ترسیل کے اخراجات میں ممکنہ حد تک کمی لائی جائے،عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔