روزانہ مکمل اور پُرسکون نیند انسان کی صحت کے لیے متعدد فوائد کی حامل ہے، ایک تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ نیند میں کمی مثبت احساسات میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ بات یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا میں کی جانے والی تحقیق میں سامنے آئی جس میں محققین نے گزشتہ 50 سال میں کیے جانے والے 154 مطالعات کا جائزہ لیا۔ یہ تحقیق جرنل سائیکولوجیکل بلٹ ان میں شائع ہوئی۔
5ہزار سے زائد ہر عمر کے افراد پر کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا کہ کم وقت سونا لوگوں میں مثبت احساس میں کمی کا سبب بن سکتا ہے، ساتھ ہی نیند میں کمی کا تعلق بے چینی اور ڈپریشن کے بلند خطرات کے ساتھ بھی دیکھا گیا۔
مذکورہ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر جو بوور کے مطابق جب لوگ دوستوں سے ملنے یا پسندیدہ ٹی وی شو دیکھنے جیسی پُرلطف سرگرمیوں سے لطف اندوز نہیں ہوتے تو ان کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد لوگوں میں گھل مل نہیں پاتے لہٰذا ان کے اکیلے پڑ جانے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
ڈاکٹر جو بوور نے بتایا کہ ہمارے اس نیند کی کمی کے شکار معاشرے میں لوگ اکثر رات دیر تک جاگتے ہیں لیکن یہ تجزیہ بتاتا ہے کہ کم نیند ان کے مزاج پر اثر ڈال سکتی ہے۔