شیخوپورہ: پنجاب کے شہر صفدرآباد کے سرکاری اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر سے پستول چل گئی، گولی لگنے سے علاج کے لیے آنے والی ایک مریضہ زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد کے ہیڈکوارٹر اسپتال میں ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر حنا منظور سے اچانک پستول چل گئی، جس سے مریضہ زخمی ہو گئی۔
بتایا گیا کہ لیڈی ڈاکٹر حنا منظور دوران ڈیوٹی اپنے پرس میں پستول رکھتی ہیں، آج ہفتے کو ڈیوٹی کے دوران انھوں نے پستول نکالی تو اچانک گولی چل گئی، پستول کی گولی مریضہ آسیہ بی بی کے بازو میں لگی۔
مریضہ کو زخمی کرنے کے بعد لیڈی ڈاکٹر حنا نے ان کو اپنی گاڑی میں لے کر شیخوپورہ اسپتال پہنچایا، زخمی مریضہ آسیہ بی بی کے گھر والوں نے گولی لگنے کی تصدیق کر دی ہے، تاہم اسپتال انتظامیہ نے صحافیوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ادھر سندھ کے شہر حیدرآباد کے سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، واقعے میں فیصل قریشی اور ولید قریشی نے اسپتال میں عامر اور ریاض پر حملہ کیا تھا، جس سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات شادی کی تقریب میں فائرنگ سے منع کرنے پر ملزمان میں جھگڑا ہوا تھا۔