لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں کبوتر بازی کے دوران لڑائی میں 13 سالہ لڑکے کو کزن نے قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے لیاقت آباد پنڈی اسٹاپ میں کبوتر بازی کے دوران لڑائی میں 13 سالہ لڑکے کو کزن نے ہی چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق 13 سالہ نبیل چھت پر کبوتر بازی کررہا تھا اس دوران خالہ زاد بھائی سلیمان نے مقتول سے طوطے مانگے، نبیل نے طوطے دینے سے انکار کیا تو دونوں میں لڑائی ہوئی اور سلیمان نے چھری کے وار کرکے اپنے کزن کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: لاہور، بھائی نے بھائی کو قتل کردیا
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے جنوبی چھاؤنی میں ملزم شکیل نے گھریلو جھگڑے پر اپنے 40 سالہ بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
اس سے قبل لاہور کے علاقے شفیق آباد میں تیس سالہ شہزاد نذیر کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول شہزاد کو اس کے بھائی امتیاز نے مبینہ طور پر قتل کیا ہے، 30 سالہ شہزاد نذیر گھر کی چھت پر سویا ہوا تھا کہ امتیاز نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔