لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ برکت ٹاؤن میں 2 مکانوں کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں میاں، بیوی اور 2 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حادثے میں زخمی شخص کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور، مکان کی چھت گر گئی، ماں اور 2 بچے جاں بحق
ذرائع کے مطابق ریسکیو کی امداد ٹیمیں کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبی خاتون 32 سالہ آمنہ، 9 سالہ رمشا اور 7 سالہ آکاش کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔