بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

لاہور: 3 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر انسانی حقوق امور اعجاز عالم نے رائیونڈ میں کمسن بچی سے زیادتی کے واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، بعدازاں پولیس نے ملزم سلیم کو گرفتار کرلیا۔

صوبائی وزیر کے نوٹس میں لایا گیا کہ رائیونڈ سندر روڈ کرسچن کالونی میں ایک اوباش نے کمسن تین سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی ہے اور پولیس کارروائی نہیں کررہی جس پر صوبائی وزیر نے فوری ایکشن لیا تو ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

متاثرہ بچی کو حالت خراب ہونے کے باعث چلڈرن اسپتال لاہور میں داخل کرادیا گیا، بچی کے والدین کے مطابق بچی نجی کمپنی کے تعاون سے چلنے والے اسکول میں پڑھنے گئی تھی، واپسی پر ملزم سلیم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

صوبائی وزیر نے پولیس کو ہدایت دی کہ تمام قانونی کارروائی کے بعد ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے اوربچی کے والدین کو تحفظ اور متاثرہ بچی کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

علاوہ ازیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا ہے کہ سرکاری اسکول میں 3سالہ بچی سے زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، متاثرہ بچی کے لواحقین سے رابطہ کیا ہے، پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بچی کو مکمل انصاف ملے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں