لاہور : صوبائی دارالحکومت میں اوباش شخص کی راہگیر خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، خاتون نے بدتمیزی سے منع کیا تو ملزم نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔
پنجاب میں خواتین کو ہراساں کرنے کا معاملہ تھم نہ سکا، صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں وقاص نامی شخص نے محلے کی خاتون سے دست درازی کی کوشش کی جب راہگیر نے منع کیا اوباش شخص گالیاں دینے لگا۔
واقعے کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ خاتون گلی سے گزر رہی تھی کہ اوباش شخص نے خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کی، جس پر خاتون نے غصّے کا اظہار کیا تو وقاص نامی ملزم دھمکیاں دینے لگا اور اس دوران خاتون کا مذاق اڑاتا رہا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرہ خاتون سے بدتمیزی کرتا دیکھ ایک راہگیر نے وقاص نامی ملزم کو منع کیا تو وہ گالیاں دینے لگا۔
ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ خاتون وقاص کی بدتمیزی پر شدید غصّے میں ہے اور وقاص کی جانب اینٹ بھی کھینچ کر مارتی ہے تاہم وقاص بچ کر نکل گیا۔
متاثرہ خاتون نے واقعے کی کا مقدمہ باغبانپورہ تھانے میں درج کروا دیا، ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’خاتون نے غصّہ کیا تو اوباش شخص نے خاتون کو کہیں کا نہیں چھوڑنے کی دھمکیاں دیں‘۔
متاثرہ خاتون کے مطابق وقاص اس سے قبل بھی کئی مرتبہ بدتمیزی کرچکا ہے۔