لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
اس حوالے سے اے سی کسٹم شفاعت مرزا نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گزشتہ سات یوم میں مسافروں کے سامان سے بیرون ملک سے اسمگل کی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسافروں کے سامان میں غیرملکی شراب کی 250سے زائد لاکھوں روپے مالیت کی کریٹ لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم کے ہتھے چڑھ گئے۔ اس کے علاوہ نشے کے عادی افراد کیلئے بیرون ملک سے دس حقے شیشہ پینے کے لیے لائے گئے جو دوران چیکنگ ضبط کر لیے گئے۔
اے سی کسٹم کے مطابق سینکڑوں جدید مختلف کمپنیوں کے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون بھی مختلف مسافروں کے سامان سے برآمد ہوئے ہیں۔
اے سی کسٹم نے بتایا کہ غیر ملکی برانڈ کی گاڑیوں کے قیمتی آلات بھی مسافروں سے سامان سے برآمد کیے گئے ہیں، کسی بھی ایسے مسافر کو ہرگز تنگ نہیں کیا جاتا جو اپنے پاس ممنوعہ اشیاء یا اسمگل شدہ اشیاء ساتھ نہیں لاتا۔
کلکٹر کسٹم عثمان باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کو ہر صورت روکا جائے گا۔
عثمان باجوہ نے کہا کہ کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایئر پورٹ پر خصوصی اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے، کسٹم ایئر پورٹ ٹریفک عملے کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر شاباش دیتا ہوں۔