لاہور ائیر پورٹ پر کسٹمز حکام نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرکے مسافر کے قبضے سے ہیرے اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرلیں۔
کلکٹریٹ آف کسٹمز ایئرپورٹ لاہور کے مطابق دبئی سے آنے والے مسافر راشد خالد کی شک کی بنیاد پر تلاشی لی گئی جو کامیاب ثابت ہوئی۔
ملزم نے ہیرے اور دیگر قیمتی اشیاء انتہائی مہارت کے ساتھ سامان کے اندر خفیہ طور پر چھپا رکھے تھے جسے محکمہ کسٹمز کے اہلکاروں نے کارروائی کرکے برآمد کیا۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسافر کے سامان سے ہیرے، دوائیں اور گھڑیاں برآمد کرلی گئیں ہیں، برآمد ہونے والے ہیروں کی مالیت 1کروڑ81 لاکھ روپے بنتی ہے۔
تحویل میں لیے گئے سامان پر 90 لاکھ کی کسٹمز ڈیوٹیز اور ٹیکسز عائد ہیں، ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے مسافر راشد خالد کو مزید تفتیش کیلئے پراسیکیوشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کسٹم حکام کا مزید کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔