لاہور : ایف آئی اے کی ٹیم نے نے نجی ایکسچینج پر چھاپہ مارکر کروڑوں روپے مالیت کی ملکی اورغیر ملکی کرنسی برآمد کرلی، ہُنڈی کا کاروبار کرنے والے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ایک نجی ایکسچینج پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود ملزمان کے قبضہ سے چھبیس کروڑ سے زائد مالیت کی کرنسی قبضے میں لے لی۔
برآمد کی جانے والی کرنسی میں ایک سو چالیس ملین پاکستانی روپے، پچاس لاکھ ایرانی، دس لاکھ ستاون ہزار جاپانی ین، دس لاکھ عراقی دینار، تیرہ لاکھ سعودی ریال،کروڑوں روپے مالیت کے افریقی، چائنیز، ملایشین، ناروے، ہانگ کانگ، امریکی، کینیڈین ڈالرز، قطری ریال اور بھارتی کرنسی شامل ہے۔
پولیس نے برآمد ہونیوالی کرنسی کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے زیر حراست ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں تھانے منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ان بیرون ملک مقیم ایجنٹوں سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔