لاہور : کراچی کے بینکوں میں کروڑوں روپے کی ڈکیتیاں کرنے والے ڈاکوؤں کے گروہ کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا گرفتار شدگان میں گروہ کا سرغنہ بھی شامل ہے۔
اس حوالے سے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی میں وارداتیں کرنے والے انتہائی مطلوب گینگ کو لاہور پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔
سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ بینک ڈکیتیوں کے گینگ کا سرغنہ لائق حین7ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے بینک ڈکیتیوں میں ایک ارب33کروڑ98لاکھ17ہزار97روپے لوٹنے کی وارداتیں کیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان لاہور میں مختلف بینکوں میں ڈکیتی کی پلاننگ کررہے تھے کہ اس دوران پولیس نے کارروائی کی،
ملزمان ساڑھے4ماہ سے لاہور میں بینکوں کی ریکی کرتے رہے۔
سی سی پی او نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان لوٹنے کیلئے ایسے بینکوں کا انتخاب کرتے تھے جن ميں لاکرز موجود ہوں، ملزمان مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اس سے قبل وہ جیل بھی کاٹ چکے ہیں۔