لاہور: سانحہ چیئرنگ کراس کے گرفتار سہولت کار انوار الحق کی نشاندہی پر بمبار کو خودکش جیکٹ بنا کر دینے والے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ چیئرنگ کراس کی تحقیقات میں پیش رفت جاری ہے، خودکش حملہ آور کو جیکٹ دینے والے دہشت گرد کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔
اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد کو ٹانک سے گرفتار کیا گیا،واہگہ بارڈر،گلشن اقبال دھماکوں میں بھی اسی دہشت گرد نے جیکٹس فراہم کیں۔
اطلاعات ہیں کہ جیکٹس تیار کرنے والے دہشت گرد کے مزید 7 ساتھی بھی پکڑے گئے ہیں، چھاپے کے دوران سی ٹی ڈی کو خودکش جیکٹس اور دھماکا خیز مواد بھی ملا۔
ذرائع نے بتایا کہ سانحہ چیئرنگ کراس کی تفتیش کے بعد سے اب تک 18 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لاہورحملہ: خودکش حملہ آور کو لانے والا لنڈا بازار میں مقیم تھا
سی ٹی ڈی کو یہ کامیابی لاہور لنڈا بازار سے گرفتار ہونے والے سہولت کار انوار الحق کی نشاندہی پر ملی، انوار الحق نے اعتراف کیا تھا کہ وہ خودکش بمبار کو طور ختم بارڈ سے لاہور تک لایا اور پنجاب اسمبلی کے سامنے حملے کے لیے بائیک پر چھوڑ کر گیا۔
ضرور پڑھیں: خودکش بمبار کو افغان بارڈر سے لایا، ملزم کا ویڈیو بیان
ملزم انوار الحق تاحال زیر حراست ہے، عدالت اس کا تیس روزہ ریمانڈ دے چکی ہے، تفتیش کے لیے انوار کے بھائیوں اور والد کو بھی باجوڑ سے حراست میں لیا گیا جب کہ واقعے کے بعد سے اس کا بہنوئی فرار ہے جس کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، وہ گوجرانوالہ کے لنڈا بازار میں مقیم تھا۔