لاہور: پنجاب کے علاقے کاہنہ میں منچلوں کے جان لیوا مذاق کے نتیجے میں نابینا گداگر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں نوجوانوں کے جان لیوا مذاق کے نتیجے میں 45 سال کا اقبال پنکچر کی دکان پر پیٹ میں ہوا بھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز احمر کھوکھر کے مطابق لڑکوں نے 45 سالہ نابینا گداگر اقبال کو بہانے سے پنکچر کی دکان پر بلایا اور اس کے جسم میں ہوا کا پائپ لگا کر کمپریسر کھول دیا۔
نابینا گداگر اقبال کا پیٹ پھولنے سے حالت غیر ہوگئی اور جسم کے مختلف حصوں سے خون نکلنے لگا، نابینا گداگر کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانہ علاج دم توڑ گیا۔
مقتول کے والد نے ملزم عمر اور 2 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم عمر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔