لاہور : تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، امدادی ٹیموں نے زمین بوس ہونے والے مکان سے متصل عمارتوں کو کلئیر قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر سید میٹھا بازار میں ایک اور تین منزلہ مخدوش عمارت زمین بوس ہوگئی۔ ملبے تلے دب کر ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا، اطلاع ملنے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آپریشن شروع کیا۔
تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد ملبے تلے دبے شخص کی لاش نکال لی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی صادق تبریز زمین بوس ہونے والے مکان کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اولڈ سٹی اتھارٹی کی غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اولڈ سٹی اتھارٹی نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں متاثرہ خاندان اگر کسی کے خلاف کارروائی کروانا چاہے گا تو اس کے لئے پولیس تیار ہے۔
مزید پڑھیں : مظفر گڑھ، تین منزلہ عمارت گر گئی، 8 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں تین منزلہ عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ واقعے میں سات افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔