لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف نے ملک کے گورنر ہاؤسز کھولنے کا وعدہ پورا کر دیا لیکن لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس پنجاب کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیا گیا، تاہم لاہور کے شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہی دن میں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔
گورنر ہاؤس کی سیر کے لیے پہلی بار آنے والے شہریوں نے خوب صورت لان میں جگہ جگہ کھانے پینے کی اشیا، خالی بوتلیں اور تھیلیاں پھینک دیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرنیچر کو بھی نقصان پہنچایا، شیشے توڑ دئیے، اور درختوں پر لگے پھلوں کو بھی نہ چھوڑا۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں کے گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک سندھ، مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز عوام کے لیے کھولے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر ہاؤس پنجاب کل پہلی بار عوام کے لیے کھولا جائے گا
وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔