لاہور : ہربنس پورہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، ملزم پولیس کو دیگر سنگین مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پولیس اہلکاروں نے شاہراہ پر قائم ایک ناکے پر موٹرسائیکل سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا گیا، اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھی گولیاں چلائیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈاکو کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس پی کینٹ نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ڈاکوعلی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹرسائیکل اور اسلحہ دونوں کسی واردات میں چھینے گئے تھے۔
اس کے علاوہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس کے بارے میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔
ایس پی سی آئی اے نے لاہور میں میڈیا کو بتایا کہ زیرِ حراست ملزم عادل کو نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ کاہنہ میں ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا، البتہ ملزم عادل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا۔
ایس پی سی آئی اے نے مزید بتایا کہ اسپتال لے جاتے ہوئے ملزم عادل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے ہی میں دم توڑ گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملزم عادل کو ڈکیتی اور قتل کے مقدمات میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔