لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کی سب سے بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی، برآمد شدہ سامان ایکسپائر کاسمیٹکس تھی جس کی مالیت 32 کروڑ روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس نے لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سگیاں کے علاقہ میں گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 32 کروڑ روپے مالیت کی ایکسپائر انڈین کاسمیٹکس کا سامان برآمد ہوا۔
ڈائریکٹر کسٹمز اسد رضوی کا کہنا ہے کہ کسٹم انٹیلی جینس نے فیصل آباد سے لاہور آنے والی ٹرک کی ریکی کی، ٹرک کو فالو کر کے کسٹم ٹیم گودام تک پہنچی۔
اسد رضوی کے مطابق گودام سے ایکسپائر انڈین کاسمیٹکس کا سامان برآمد کیا گیا، برآمد شدہ سامان کی مالیت 32 کروڑ روپے ہے۔
کسٹم انٹیلی جنس نے گودام کے مالک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کسٹم اینٹی اسمگلنگ نے گزشتہ سال 5.5 ارب کی ریکوری کی، کسٹمز لاہور کی نفری کم ہونے کی وجہ سے انٹیلی جنس آپریشن کرتے ہیں، ایئرپورٹ پر گزشتہ سال کروڑوں روپے کی ریکوری کر چکے ہیں۔