لاہور: لاہور چڑیا گھر میں سب کی ہر دلعزیز ہتھنی سوزی بیمار رہنے کے بعد چل بسی، اس کی عمر 35 سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق چار دن بیمار رہنے کے بعد گزشتہ رات 35 سالہ ہتھنی سوزی اپنی زندگی ہار گئی۔
ڈائریکٹر چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ سوزی کا وزن بہت زیادہ ہوگیا تھا، موٹاپے کے سبب وہ انتقال کرگئی، انہوں نے بتایا کہ ہاتھیوں کودو مسئلے پیش آتے ہیں جو جان لیوا ثابت ہوتے ہیں اول موٹاپا اور دوم اسٹریس یعنی غم یا ذہنی دباؤجو ان کی موت کا سبب بن جاتا ہے۔
کچھ بچے سوزی کی سواری کے لیے چڑیا گھر پہنچے جہاں انہیں پتا چلا کہ وہ اس دنیا میں نہیں رہی تو بچے افسردہ ہوگئے۔
بچے تو بچے بڑے بھی سوزی کے بچھڑنے پر افسردہ ہوگئے۔ ایک شخص نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ناک خبر ہے، یہ ہتھنی اس چڑیا گھر کی رونق تھی۔
ایک خاتون نے کہا کہ بچوں کو اچھا نہیں لگا کہ سوزی چلی گئی، بچوں نے جب دیکھا کہ سوزی چلی گئی تو وہ افسردہ ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ جنگل میں رہنے والی ہاتھی کی عمر 60 سے 70 برس تک ہوتی ہے لیکن دنیا گھر کے چڑیا گھر میں رہنے والے ہاتھیوں کی عمر 17 سے 20 برس تک ہوتی ہے لیکن لاہور کے چڑیا گھر میں سوزی 35 سال تک حیات رہی۔