لاہور : سگیاں پل سے پیشی پر عدالت جانے والے باپ اور دو بیٹوں کو قتل کردیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سگیاں پل پر موٹرسائیکل سواروں نے رکشہ پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ رکشے میں سوار پانچ افراد پیشی پر سیشن کورٹ جارہے تھے۔ جن پر موٹرسائیکل سوار چار ملزمان نے فائرنگ کی۔
فائرنگ سے صفدر نامی شخص اپنے بیٹوں یاسر اور ناصر سمیت جاں بحق ہوگیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، مقتولین پر مخالف پارٹی کے لوگوں کے قتل کا الزام تھا۔
آئی جی پنجاب نے سگیاں پل کے قریب فائرنگ سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اوسےرپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔