لاہور کے گرڈ اسٹیشن میں دھماکے کے بعد شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا، واقعے کے بعد اسٹیشن میں آگ لگ گئی۔
تفصیلات کے مطابق فنی خرابی کے باعث لاہور کے سبزہ زار گرڈ اسٹیشن میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے خواجہ رمضان مجید کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاہور گرڈ اسٹیشن میں دھماکے کے بعد اسٹیشن میں آگ لگ گئی، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں سبزہ زار، گلشن راوی ، ساندہ ، اسلام پورہ اور سنت نگر میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوگئی جس کے سبب علاقے گہری تاریکی میں ڈوب گئے۔،
لاہور کو بجلی فراہم کرنے کے ادارے لیسکو حکام نے بتایا ہے کہ گرڈ اسٹیشن میں دھماکے سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے تاہم مرمت کا کام جاری ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف عمل ہے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ 12گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے، بجلی فراہمی کی بحالی میں 3سے4گھنٹے لگ سکتے ہیں۔